اظہارِ رائے کی مکمل آزادی کا ترجمان

پریانکا چوپڑا امریکی گلوکار کی محبت میں گرفتار

پریانکا چوپڑا اور نک جونس 2017 میں کانز کے ’میٹ گالا‘ پر بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے

7

اگرچہ یہ خبریں پہلے ہی گردش میں تھیں کہ بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جب سے ہولی وڈ فلموں اور امریکی ڈرامے ’کوانٹیکو‘ میں نظر آئیں ہیں، تب سے وہ وہاں کسی سے محبت میں گرفتار ہوگئی ہیں۔

پریانکا چوپڑا بھی ماضی میں ایسی چہ مگوئیوں پر وضاحت کرتے ہوئے اگرچہ محبت ہوجانے کا اعتراف کر چکی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کس سے محبت کرتی ہیں۔

پگی چوپس سے متعلق چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ ’کوانٹیکو‘ یا پھر اپنی پہلی ہولی وڈ فلم ’بے واچ‘ کے کسی اداکار کے ساتھ محبت میں گرفتار ہوچکی ہیں۔

نک جونس اور پریانکا چوپڑا 2017 میں کانز میں بھی ایک ساتھ دیکھے گئے—فائل فوٹو: اے ایف پی

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے کسی ساتھ اداکار کے بجائے گلوکار و موسیقار نک جونس سے محبت کر بیٹھی ہیں اور انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’یو ایس ویکلی‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے اس بات کی تصدیق کی کہ 35 سالہ بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور 25 سالہ گلوکار نک جونس ایک دوسرے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہیں گزشتہ ہفتے ایک تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

ذرائع نے تصدیق کی کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے 25 مئی کو امریکا کا میموریل ڈے پر ہونے والی ایک تقریب میں ایک ساتھ شرکت کی اور وقت گزارا۔

اس ملاقات سے قبل بھی دونوں کو ایک ساتھ دیکھا جا چکا ہے، جب کہ پریکا چوپڑا ماضی میں اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں کسی سے محبت ہے، تاہم وہ اس شخص کا نام نہیں بتائیں گی۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس 2017 کے کانز فلم فیسٹول میں—فائل فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب نک جونس نیوز نامی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار کی تقریب میں ایک ساتھ شرکت کرنے کی مختصر ویڈیو شیئر کی گئی، جس کے بعد بھارت سمیت امریکی میڈیا میں چہ مگوئیاں تیز ہوگئیں ہیں کہ دونوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔

خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس 2017 میں کانز کے ’میٹ گالا‘ پر بھی ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جس کے بعد ان کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں۔


جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.